اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف جو آج (بدھ) کو بحرین کے سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، منامہ سے لندن جائیں گے جہاں وہ مختصر ذاتی قیام کریں گے، جو تین دن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم اتوار کو وطن واپس لوٹیں گے اور وہ اپنا میڈیکل چیک اپ کروائیں گے کیونکہ انہیں اپنے نظام انہضام میں مسئلہ ہے۔ کینسر سے صحت یاب ہونے والے شہباز شریف، اپنے صحت کے مسائل کے باوجود، اپنے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لیے اوور ٹائم کام کرتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے ڈاکٹروں سے لندن میں اپنا باقاعدہ طبی معائنہ کرواتے ہیں۔ سرکاری طور پر یہ بیان دیا گیا ہے کہ وزیر اعظم 26 سے 27 نومبر تک مملکت بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ اور کثیر الجہتی تعلقات کی توثیق کرتا ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد ہوگا جس میں ڈپٹی پرائم منسٹر/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور سینئر افسران شامل ہوں گے۔