کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے انخلا پر کاروباری برداری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ماہرین اقتصادیات اور کاروباری حلقوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں (ایم این سیز) کے بڑھتے ہوئے انخلا کو روکنے کیلئے فوری طور پر سرمایہ کاری اور کاروبار کی حفاظت کی پالیسی وضع کرے، جس میں معقول ٹیکس نظام اور کاروبار دوست حکمت عملی شامل ہو۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق حکومت ملکی اقتصادی خطرات کو کم کرنے کے لیے ایم این سیز کے لیے برآمدات پر مبنی حکمت عملی اپنانے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت موجودہ امپورٹ ڈیوٹی پر مبنی پالیسی کو بدل کر انہیں زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ایک سینئر حکومتی سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ ’’ملٹی نیشنل کمپنیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو غیر دوستانہ ٹیکس کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اس لیے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والی کمپنیوں کے لیے غیر ضروری بالواسطہ ٹیکس ختم کیے جائینگے تاکہ انہیں یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں‘‘۔