اسلام آباد(کامرس رپورٹر )یورپ، پاکستان اکنامک کوریڈور (ای پی ای سی )کے 13 رکنی وفد نے بانی اور سی ای او ڈاکٹر عبدالحفیظ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری سے تفصیلی ملاقات کی۔دورے کا مقصد یورپ، پاکستان اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا، ڈاکٹر عبدالحفیظ نے آئی سی سی آئی کی قیادت کو ایپک کے مشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوریڈور نئے کاروباری مواقع فراہم کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور دیرپا عالمی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے خدمات کا ایک جامع مجموعہ فراہم کرتا ہے۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یورپ ٹیکسٹائل، مشینری، فارماسیوٹیکل، آئی ٹی اور پیشہ ورانہ خدمات جیسے اہم شعبوں میں سالانہ 2 ہزار ارب ڈالر سے زائد کی اشیا درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بڑے پیمانے پر مانگ کو پورا کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔ ای پی ای سی کے وفد میں قاضی مجتبیٰ کمال، ڈاکٹر عاطف شفیق، مسز پروین علی، گال ہل، کیتھرین بینٹلی، ڈاکٹر عبدالرحمٰن عابد، چوہدری عبدالرحمن عابد شامل تھے جبکہ آئی سی سی آئی کی جانب سے سابق صدر میاں شوکت مسعود، ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس اور ڈاکٹر جوہریہ اظہر، ڈاکٹر راجہ مہدی حسن، اعزاز محمد، سمیرا رحمان اور دیگر موجود تھے۔