کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے آئی سی سی بی ایس کو جامعہ سے علیحدہ کرنے کے مجوزہ بل کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسی ہفتے وزیرِاعلیٰ سندھ اور متعلقہ حکام سے ملاقات کی جائے گی، یکم دسمبر کو پریس کانفرنس ہو گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لئے رابطوں کا سلسلہ تیز کیا جائے گا۔ یہ فیصلے انجمن کی مجلسِ عاملہ کے ہنگامی اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت ڈاکٹر غفران کی اجلاس میں اراکین نے مذکورہ بل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی متوقع تقرری میں ڈونرز کو غیر معمولی اختیارات دینے کے اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اجلاس نے اس امر پر حیرت ظاہر کی کہ آئی سی سی بی ایس، جسے جامعہ کراچی نے قائم کیا اور جہاں کی زمین، فیکلٹی اور طلبہ جامعہ کے ہی ہیں، اسے کسی قسم کی مشاورت کے بغیر علیحدہ کرنے کے لئے بل تیار کر لیا گیا۔ اراکین نے کہا کہ محض 1 فیصد ڈونیشن دینے والے دو ڈونرز کو بل کے ذریعے وسیع اختیار دینا نہ صرف نامناسب بلکہ ادارے کے ضوابط کے منافی ہے۔