• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نائب وزیراعظم نے عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس سروسز قرار دیدیا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس سروسز قرار دیدیا ، مصر کے وزیر دفاع کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فیلڈ مارشل کا نام انکے نئے منصب کا حوالہ دیکر لیا، 27؍ ویں ترمیم کے بعد پہلا موقع جب پبلک ڈومین میں فیلڈ مارشل کو سی ڈی ایف کے طور پر پکارا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈ ار نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کواتوار کی سہ پہر چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) قرار دیدیا ہے انہوں نے دفتر خارجہ میں پاکستان کے دورے پر آئے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصر کے تفریحی مقام شرم الشیخ پر غازہ کے حوالے سے کانفرنس کا ذکر کیا اور پھر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ مصر کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں ’’چیف آف ڈیفنس فورسز(سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر‘‘ کے پورے نام سے یاد کیا۔ آئین کی 27؍ ویں ترمیم منظور ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پبلک ڈومین میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سی ڈی ایف کے طور پر پکارا گیا ہے یہ منصب آئین کی اسی ترمیم کی رو سے تخلیق ہوا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ بری افواج کے سربراہ ہی سی ڈی ایف ہونگے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 2024ء کی ترمیم کی رو سے 2022ء سے پانچ سال کے لئے بری افواج کے سربراہ قرار پاچکے ہیں اب آئین کی 27؍ ویں ترمیم کی بدولت سی ڈی ایف کے عہدے کی میعاد پانچ سال ان کے لئے حکم کی اجرائی سے ہوگی۔ دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سی ڈی ایف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آئینی ترمیم 27؍ کے تحت مزید تقرریاں اور تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ امکان ہے کہ یہ تبدیلیاں اور تقرریاں ماہ ر واں کے دوران عمل میں لائی جائیں گی۔

اہم خبریں سے مزید