اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کا کہنا ہےنواز شریف چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن میں رکاوٹ نہیں‘یہ تاثر غلط ہے‘ نواز شریف نے کبھی سی ڈی ایف کے بارے میں اس قسم کے خیال کا اظہار نہیں کیا۔پارلیمنٹ ہاؤس میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی گفتگو کو خواہ مخواہ اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے، نواز شریف کی گفتگو کسی اور حوالے سے ہوئی تھی‘ نواز شریف نے اس دن جو بات کی اس کا پس منظر کچھ اور تھا، جو بھی آئینی ترامیم ہوئی نواز شریف کی بحیثیت پارٹی ہیڈ منظوری سے ہوئی ہے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی چیز کے زیرغور ہونے میں اور فیصلہ ہونے میں فرق ہوتا ہے، مختلف آپشن مختلف اوقات میں زیرغور ہوتے ہیں‘ جب تک کوئی فیصلہ نہ ہو ان پر آپ کوئی حتمی بات نہیں کرسکتے‘ سی ڈی ایف کا ایک نیا ادارہ بننے جا رہا ہے، وہ بہت اہم ادارہ ہوگا، ان ہی معاملات کوپوری طرح سے دیکھتے ہوئے نوٹیفکیشن عجلت میں نہیں ہونا چاہیے اور نہ عجلت میں ہوگا۔