راولپنڈی (جنگ نیوز/ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے تشویش‘قیاس آرائیاں اور افواہیں دم توڑگئیں ‘منگل کو تقریباً ایک ماہ بعد سابق وزیراعظم کی ملاقات ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہن عظمیٰ خان سے کروا دی گئی‘اڈیالہ جیل میں اپنے بھائی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت الحمداللہ بالکل ٹھیک ہے مگر وہ بہت غصے میں تھے اور کہہ رہے تھے کہ انہیں ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔عظمیٰ خان کے مطابق ان کی عمران خان سے ملاقات 20 منٹ پر محیط تھی اور انہیں بھائی نے مزید بتایا کہ انہیں پورادن دن کمرے میں بند رکھا جاتا ہے‘ صرف تھوڑی دیر کمرے سے نکلنے دیا جاتا ہے۔ منگل کی صبح جب عمران خان کی تینوں بہنیں علیمہ خانم، نورین نیازی اور عظمی خان اڈیالہ جیل کے باہر ملاقات کے لئے پہنچیں تووہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے انہیں راستے میں ہی روک دیا تاہم کچھ دیر بعد جیل حکام کی طرف سے ایک اہلکار کو عمران خان کی بہنوں کے پاس بھیجا گیا اور پیغام دیا گیا کہ ملاقات کے لیے عظمیٰ خان کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔میڈیا سے گفتگومیں عظمیٰ خان کا مزید کہنا تھاکہ دونوں بہنوں سے مشاورت کے بعد میڈیا سے تفصیلی بات کروں گی۔عظمیٰ خان نےیہ بھی بتایا کہ بشریٰ بی بی کوقید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔عظمیٰ خان کے مطابق بار کونسلزکے انتخابات کے لیے حامد خان اور سلمان اکرم راجہ امیدوار چنیں گے۔