• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا سال، نئے، کٹھن چیلنجز پاکستان کرکٹ کے منتظر، تینوں فارمیٹس میں طاقت کا امتحان

کراچی (عبدالماجد بھٹی) 2025 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی، لیکن 2026 میں ٹیم کے لیے نئے، کٹھن چیلنجز منتظر ہیں۔ تینوں فارمیٹس میں کپتانوں کو سخت مقابلے اور اپنی طاقت کا امتحان دینا ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا کی قیادت میں اس سال پاکستان نے 34 میں سے 21 انٹرنیشنل میچ جیتے لیکن نئے سال میں ان کے لئے سب سے مشکل ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 2026 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے علاوہ 18 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلنے ہیں۔ 365 میں سے پاکستانی ٹیم کو کم از کم 88 دن کرکٹ کھیلنا ہوگی جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور تین ملکی ٹورنامنٹ کے دن شامل نہیں ہیں۔ 2026 میں آسٹریلیا کی ٹیم دوبار، زمبابوے، انگلینڈ، سری لنکا، آئر لینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ شاہین آفریدی کی کپتانی میں ون ڈے ٹیم کو اگلے سال 15ون ڈے انٹر نیشنل اور شان مسعود کی قیادت میں ٹیسٹ ٹیم کو 11 ٹیسٹ کھیلنا ہوں گے جن میں انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچوں کی مشکل سیریز بھی شامل ہے۔ پاکستان سپر لیگ اپریل 2026 میں کرانے کی تجویز ہے۔ جنگ کے پاس موجود دستاویز کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو اگلے ماہ سری لنکا کے شہر دمبولا میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل اور پھر ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہیں۔ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نیدر لینڈ، امریکا ور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ مارچ میں پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جس میں دو ٹیسٹ کے علاوہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔ مئی میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سیریز میں تین ون ڈے انٹر نیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیلے جائیں گے۔ جولائی میں پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اگست میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔ ستمبر میں ایک بار پھر آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ کھیلنے پاکستان آئے گی۔ اکتوبر میں پاکستان ،انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز ہے لیکن اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ اکتوبر میں سری لنکا کی ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچز کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نومبر میں آئر لینڈ کی ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل جبکہ دسمبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم دو ٹیسٹ کھیلنے پاکستان آئے گی۔