• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ کا عالمی تعارف، لارڈز میں روڈ شو کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کو عالمی اسٹیج پر لے جانے کی تیاری مکمل ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی توسیع اور دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روڈ شو کا فیصلہ کیا ہے۔ تعارفی تقریب میں جہاں عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز اور شائقین کی شرکت متوقع ہے، انہیں پی ایس ایل کے وژن، کمرشل ماڈل اور مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شامل ہے۔ دو نئی ٹیموں بیچنے کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ نئی ٹیموں میں برطانوی سرمایہ کار گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لارڈز میں روڈ شو پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کا ثبوت ہے، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ دو نئی ٹیموں کے اضافے سے سرمایہ کاروں کیلئے بڑے مواقع پیدا ہوں گے، 30 سپر فینز کو خصوصی ایونٹ میں شرکت کا موقع دیا جائے گا۔ ٹکٹ حاصل کرنے کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی ۔