کراچی(اسٹاف رپورٹر) منگل کی دو پہر اچانک سابق کپتان معین خان کے انتقال کی خبر سوشل میڈ یا پر گردش کرنے لگی جس سے ان کے اہل خانہ و دوست پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ معین خان کا کہنا ہے کہ بالکل خیریت سے ہوں۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ 54 سالہ معین خان دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے ہیں، اس بے بنیاد خبر نے سوشل میڈیا پر بے چینی پھیلا دی۔ حقیقت میں حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے 65 سال کے سینئر کرکٹر معین خان راجپوت کا انتقال ہوا تھا لیکن سوشل میڈیا پر معین راجپوت کے بجائے ٹیسٹ کرکٹرمعین خان کی تصویر شیئر کردی گئی۔ جنگ سے گفتگو میں معین خان نے کہا کہ میں خیریت سے اور صحت مند ہوں۔ انہوں نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن صاحب نے بھی یہ حرکت کی ہے، نہایت ہی غیر ذمے داری کا ثبوت دیا ہے۔