راولپنڈی (راحت منیر/ اپنے رپورٹرسے) پیشہ ور گداگروں اور مانگنے والے خواجہ سراؤں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا حرام کردیا ہے۔ شہریوں کیلئے ازیت ناک صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔بھکاریوں سے سرکاری دفاتر بھی محفوظ نہیں رہے ہیں۔ تحصیل آفس، بازاروں، ریسٹورانٹس، پارکس، تفریح گاہیں، ٹریفک سگنل سمیت کوئی عوامی رسائی والی جگہ ایسی نہیں جہاں بھکاریوں کے گروہوں کے گروہ شہریوں کو تنگ کرنے نہ پہنچتے ہوں۔تحصیل آفس راجہ بازار میں متعدد بھکاریوں نے ڈیرہ ڈالا ہوا ہے۔سرکاری ریکارڈ روم،رجسٹری برانچ سمیت تمام دفاتر اور اسٹامپ فروشوں کی جگہوں پر بھکاری کام کیلئے آئے شہریوں کا پیچھا کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ایسا ہی حال بازاروں،بالخصوص کھانے پینے والی جگہوں کا ہے۔دوستوں یا فیملی کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانا مشکل کردیتے ہیں۔ادھر گداگری کی روک تھام اور عوام میں آگاہی کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال راولپنڈی ڈویژن ابھی تک کوئی ایکشن لینے کی بجائے واک اور سیمینارز ہی کرارہا ہے۔ گزشتہ روز بھی راولپنڈی میں سوشل ویلفیئر کمپلیکس کھنہ روڈ سے چونگی نمبر 8 تک واک کی گئی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر گداگری کے خاتمے اور عوامی شعور بیدار کرنے سے متعلق نعرے درج تھے۔