• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھانہ ترنول کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات نے ایک قیمتی جان لے لی

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تھانہ ترنول کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات نے ایک قیمتی جان لے لی جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔ پولیس نے زیر دفعہ 302، 394 اور 397 ت پ مقدمہ درج کر لیا ہے جس کے مطابق رات تقریباً 10:20 بجے ڈانہ قبرستان کے قریب دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ اطلاع دہندہ محمد ہارون کے مطابق وہ اپنے کزن محمد آصف کے ہمراہ شادی کی تقریب سے واپس گھر جا رہے تھے کہ ملزمان نے واردات کی نیت سے انہیں روکنا چاہا۔ مزاحمت اور بچنے کی کوشش میں موٹر سائیکل گر گئی جس کے بعد دونوں جان بچانے کے لیے بھاگے۔اسی دوران نامعلوم نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محمد ہارون کے ہاتھ میں گولی لگی جبکہ محمد آصف کو سینے پر فائر لگا۔ دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ ایس ایچ او اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ محمد آصف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے ۔
اسلام آباد سے مزید