• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی اسلام آبادکا ریڈ زون کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

اسلام آباد ( ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار)آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ریڈ زون کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات ،دارخلی و خارجی راستوں اور اہم سرکاری و نجی اداروں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔تمام افسران کو سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت اور موثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ریڈ زون کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریڈ زون میں سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی ناکہ جات کے چیکنگ کا جائزہ لیا۔آئی جی اسلام آباد نے ریڈ زون میں واقع سرکاری و نجی اداروں کے حفاظتی اقدامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے اور تمام ممکنہ حفاظتی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے موثر سرویلنس کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ حساس علاقے میں امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جا سکے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سیدعلی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔انہوں نے کھلی کچہری میں شہریوںاور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر اور فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔کسی بھی شہری کو پولیس کے متعلق کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو وہ کھلی کچہری میں آسکتا ہے۔میرے دروازے ہمیشہ اپنے شہریوں کے لئے کھلے ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات پرمتعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ ٹائم فریم میں درخواستوں کو میرٹ پر حل کر کے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی سہولیات کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کھلی کچہری کے روزانہ کی بنیاد پر انعقاد سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے میں مدد مل رہی ہے۔
اسلام آباد سے مزید