ملتان(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوانوں ہی کے ذریعے اس ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے، پنجاب حکومت کا منظور کردہ موجودہ بلدیاتی ایکٹ عوام دشمن اور غیر نمائندہ قانون ہے، نوجوانوں اور طلبہ پر ایف آئی آرز کا سلسلہ جاری ہے، بے تحاشا جرمانوں نے ملازم پیشہ طبقے کی زندگی مزید مشکل بنا دی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر خواجہ عاصم ریاض سیکرٹری جنرل ملتان، حافظ محمد اسلم نائب امیر ضلع، خواجہ صغیر احمد نائب امیر ضلع، چوہدری محمد امین امیر زون غربی، اطہر عزیز ایڈوکیٹ صدر آئی ایل ایم جنوبی پنجاب اور رفیع رضا ایڈووکیٹ صدر آئی ایل ایم ملتان بھی موجود تھے، صہیب عمار صدیقی نے مزید کہا کہ قانون کی پابندی ضروری ہے مگر ریاست کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ایسا ماحول فراہم کرنا چاہیے جس میں قانون کی پابندی آسان ہو۔