کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر کامیابی حاصل کرے گی یہ بات پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ و پیپلز پارٹی زرغون ٹاون کے سربراہ میر لیاقت لہڑی ، صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ، مرکزی رہنما سابق سینیٹر لالا روزی خان کاکڑ ، مرکزی رہنما حاجی نصیب اللہ اچکزئی ، ملک ذیشان حسین ، ڈاکٹر عبید کاکڑ ، وارث محمود اچکزئی ، انجینئر احسان خلجی ، الطاف گجر ، ملک نوید خراسانی ، ملک حمید کاکڑ ، غلام محی الدین رند ، ربانی خان خلجی نے زرغون ٹاؤن حلقہ پی بی 41،پی بی 42اور پی بی 43کے پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی مقررین نے کہا کہ جمہوریت میں بلدیاتی انتخابات ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں کافی حد تک مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ پارٹی کے امیدوار کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں تمام یو سیز اور وارڈز میں حصہ لے رہے ہیں پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔