کراچی( اسٹاف رپورٹر )منگھوپیر میں مدرسے کے استاد کا معصوم بچے پر انسانیت سوز تشدد، بچے کی سر کی ہڈی توڑ دی،ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود عزیز بروہی گوٹھ میں واقع مدرسہ میں 6سالہ طالبعلم حسن پر استاد نے انسانیت سوز تشدد کیا۔بچے کے والد حبیب الرحمن کے مطابق بدھ کی صبح مدرسے میں استاد نے ڈنڈے مار کر میرے چھوٹے بیٹے کے سر کی ہڈی توڑ دی۔زخمی بچے کو لے کر تھانے اور اسپتالوں کے چکر لگا رہا ہوں ۔میرا ہنستا کھیلتا بچہ تھا اس وقت اسے دورے پڑ رہے ہیں۔ محنت کش حبیب الرحمن نے بتایا کہ بیٹا بار بار چیخیں مار کر اٹھ رہا ہے اور شدت درد سے وہ بے حال ہے۔صبح سے اپنے بچے کے دو ایم آر آئی کروا چکا ہوں۔ والد کے مطابق پہلے بچے کو عباسی شہید اسپتال اور اس کے بعد جناح اسپتال لے کر آیا ہوں۔میں غریب انسان ہوں مزدوری کرتا ہوں مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔پولیس کے مطابق طالبعلم پر افسوس ناک تشدد کرنے والے ملزم اللہ بچایا ولد منظور احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔