• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان حکومت سیکورٹی خدشات دور کرنے کیلئے دہشت گردوں کیخلاف ٹھوس اقدامات کرے، کرغز صدر کی شہباز شریف اور عاصم منیر سے ملاقاتیں، 15 معاہدوں پر دستخط

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے مابین دو طرفہ ملاقات‘وفود کی سطح پر مذاکرات ‘چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود‘ دونوں ممالک کے درمیان تجارت‘معیشت، زراعت‘ توانائی‘بندر گاہوں کے استعمال،تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ‘ دو طرفہ تجارتی حجم200ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ‘دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ افغان طالبان حکومت کو بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں اور پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات اٹھانے چاہئیں۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے مابین دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں تجارت، توانائی، مواصلات اور دیگر مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر صادر ژپاروف نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے اور باہمی اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔علاوہ ازیں شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے مابین وزیر اعظم ہائوس میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی‘ وزیراعظم نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی "وژن سینٹرل ایشیا" پالیسی کے تحت اپنے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے جاری باہمی تعاون بالخصوص تجارت، توانائی، مواصلات اور عوامی روابط کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید