اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا جمہوری طرزِ عمل طاقتوروں کی انا سے ٹکرا گیا،عمران خان نے ہر مرحلے پر آئینی اور قانونی راستہ اپنایا، مگر چند افراد کی سوچ اس سیاسی حقیقت کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کی زبان کسی طور افواج پاکستان کے شایان شان نہیں، آج پاکستان تحریکِ انصاف اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی مرکزی قیادت مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنا موقف واضح کرے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ عمران خان وہ لیڈر ہیں جنہوں نے ہمیشہ کہا کہ ’’فوج مضبوط ہو گی تو پاکستان مضبوط ہو گا‘‘،انہوں نے بار ہا کہا کہ یہ فوج میری ہے، یہ ملک میرا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اس سال مئی میں جب بھارت نے ہمارے وطن عزیز پر ناپاک حملہ کیا تو عمران خان نے اس وقت بھی پورے اعتماد کے ساتھ بری، فضائی اور بحری افواج کے جذبے، صلاحیت اور دفاع وطن کی ذمہ داریوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور جیل سے ہی بھارت کو للکارا۔ آج پاکستان تحریکِ انصاف اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی مرکزی قیادت سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنا موقف واضح کرے گی۔