کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ معاشرتی بے چینی کے اصل اسباب سمجھنا ضروری ہے۔کراچی کی بہتری کیلئے بیانیہ تشکیل دینا اور علماء، دانشوروں اور سماجی رہنماؤں کو یکجا ہوکر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ آفاق احمد سے علامہ آصف مصطفائی کی سربراہی میں اہلسنت کے وفد نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت بیرونی دباؤ اور اندرونی چیلنجز دونوں کا سامنا ہے ان حالات میں مذہبی رہنماؤں کا کردار محض مذہبی نہیں بلکہ قومی استحکام کی بنیاد بن سکتا ہے۔معاشرتی بے چینی کے اصل اسباب کو سمجھنا وقت کی ضرورت ہے اور یہ کام صرف وعظ و نصیحت نہیں بلکہ عملی حکمتِ عملی سے ہی ممکن ہے۔ آفاق احمد نے مزید کہا کہ ہماری نئی نسل شدید ذہنی دباؤ، غیر یقینی اور مایوسی میں مبتلا ہے، انہیں رہنمائی، کردار سازی اور ایسی فکری سمت دینے کی ضرورت ہے جس سے معاشرہ دوبارہ اعتدال کی طرف لوٹے، اس سلسلے میں علمائے کرام موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔