لاہور(کورٹ رپورٹر)وکلاء رہنمائوں نے کہا ہے کہ ایک شخص کے ڈر اور خوف سے 26ویں اور 27ویں ترامیم لائی گئیں،مسترد کرتے ہیں، ملک تاریک ترین جگہ پر ،آئین نہ بچایا تو تاریخ معاف نہیں کرے گی،دسمبر میں کنونشن، اسلام آباد تک مارچ کریں گے،آصف نسوانہ، حامد خان ، علی احمد کرد، سلمان اکرم راجہ، ربیعہ باجوہ ، عامر نواز و دیگر کا بارز کے زیر اہتمام کنونشن سے خطاب۔ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کا آل پاکستان وکلاء نمائندہ کنونشن منعقد ہوا،اجلاس میں سینیٹر حامد خان سابق صدر سپریم کورٹ بار علی احمد کرد صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ، سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار اسد منظور بٹ،ممبران پاکستان بار چوہدری اشتیاق اے خان، شفقت محمود چوہان سمیت وکلا ءکی بڑی تعداد شریک ہوئی، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملک آصف نسوانہ نے کہا کہ سب ترامیم کی وجہ ایک شخص کا ڈر اور خوف ہے،بہت بڑے بڑے طالع آزما آئے اور آئین کیساتھ بڑے بڑے تجربے کئے لیکن فتح حق اور سچ کی ہوئی۔ صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن حسیب جمالی نے کہا میں چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں، وکلاء باضمیر ہیں ساتھ چلیں گے،سندھ کے حالات قانونی طور پر بہت خراب ہیں، صدر لاہور بار ایسوسی ایشن مبشر رحمٰن نے کہا کہ ہم دسمبر میں کنونشن کریں گے اور اسلام آباد تک مارچ کریں گے، سینئر وکیل علی احمد کرد نے کہا کہ لاہور شہر ایک تاریخ ہے، دو اڑھائی سال سے اس کے باسیوں نے اس تاریخ کو زندہ رکھا۔