• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک حادثات، 2 افراد جاں بحق، خاتون اور بچوں سمیت 7 زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون اور بچوں سمیت 7 زخمی ہوگئے،دو افراد کی لاشیں ملیں،2 افراد نے مبینہ خود کشی کرلی،تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود نیشنل ہائی وے جوگی موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 15سالہ محمد بلال ولد محمد علی جاں بحق ہو گیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی،ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ موٹر سائیکل سوار آپس میں ریس لگا رہے تھے کہ نوجوان ریس لگانے کے دوران درخت سے ٹکرانے کے باعث جاں بحق ہوا ، سپر ہائی وے کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے راہ گیر 70سالہ عالم خان ولد خان جان جاں بحق ہو گیا،بلدیہ ٹاؤن ناردرن بائی پاس چورنگی ایل ایل سی گیٹ کے سامنے موٹرسائیکل کا ٹائر پھٹنے سے خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں 27سالہ عرفان اس کی بیوی فرزانہ ، چار بچے 11سالہ فریبا، 3 سالہ محنسہ ، 5سالہ یوسف اور 9سالہ فاطمہ شامل ہیں،اورنگی ٹاؤن چشتی نگر ب میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے راہگیر 45 سالہ ناصر علی ولد محمد علی زخمی ہو گیا جبکہ واٹر ٹینکر الٹ گیا ،دریں اثنا پاک کالونی ریکسر لائن مین اسٹاپ کے قریب روڈ کنارے سے ایک شخص کی لاش ملی، عمر 30 ب رس کے قریب ہے تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی ، لیاری آگرہ تاج میں سڑک سے 30 سالہ سہیل کی لاش ملی ،ریسکیو حکام کے مطابق متوفی بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے،علاوہ ازیں مواچھ گوٹھ نورشاہ محلہ کے قریب گھرسے 31 سالہ فرحان ولد خان زمان کی پھندا لگی لاش ملی ،پولیس کے مطابق متوفی ٹرانسپورٹ کا کام کرتا تھا ، ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی نے نامعلوم وجوہات کی بناد پر پھندا لگا کر مبینہ خود کشی کی ہے، شاہ فیصل نمبر 5 روشن آباد کے قریب گھر سے 26 سالہ سنی ولد نزیر احمد کی پھندا لگی لاش ملی،پولیس کے مطابق متوفی شادی شدہ تھا،ابتدائی تفتیش کے مطابق متوفی نے پھندا لگا کر مبینہ خود کشی کی ہے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید