کراچی (اسٹاف رپورٹر / نیوز ایجنسیز) کراچی سمیت صوبے بھر میں سندھ کلچر ڈےاتوارکو روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا،نوجوانوں نے روایتی رقص کیا اور ریلیاں نکالیں۔اس دن کی مناسبت سے کراچی سمیت سندھر بھر کے تقریبا تمام پریس کلبس اور مختلف علاقوں میں تقریبات کاانعقاد کیاگیا، جس میں شہریوں نے سندھی ٹوپی، اجرک اور ثقافتی لباس پہن کر صوبے کی قدیم تہذیب سے اپنی وابستگی کا اظہارکیا، ثقافتی تقریبات میں فنکاروں نے سندھی موسیقی‘ روایتی رقص اور لوک فنون کے مظاہرے کئے جس سے شرکا کی دلچسپی اور جوش میں اضافہ ہوا۔کلچر ڈے کے موقع پر مختلف شہروں اور دیہات میں ریلیاں بھی نکالی گئیں جبکہ متعدد مقامات پر میوزیکل پروگرام، نمائشیں اور ٹیبلوز کے ذریعے سندھ کی ثقافت کے رنگ نمایاں کئے گئے ،کراچی سمیت سندھ بھر میں نوجوان مین شاہراہوں، گلیوں اور کوچوں میں قومی گیتوں پر رقص کرتے رہے جبکہ ڈھول کی تھاپ کی گونج ہر طرف سنائی دے رہی تھی۔ بچوں نے بھی مختلف پرفارمنس کے ذریعے خطے کی روایات کو اجاگر کیا۔سندھی ٹوپی، اجرک اور دیگر ثقافتی اشیا کی خریداری میں بھی خاصا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ علاقائی دھنوں اور لوک موسیقی نے اس تہوار کے ماحول کو مزید خوبصورت بنادیا۔واضح رہے کہ سندھ میں ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو یومِ ثقافت سندھ منایا جاتا ہے، جس کے لئے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔حیدرآباد میں ثقافتی دن کی مرکزی تقریب پریس کلب اور سندھ میوزیم روڈ پر منعقد ہوئی جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا جبکہ شہر کی مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔