اسلام آباد( جنگ نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر غداری کیس کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ٹویٹ ہر جگہ پڑھا گیا ہے، ایسی چیزوں سے اگر کسی پارٹی پر پابندی نہیں لگے گی تو پھر کون سی چیز ہے جس کی بنیاد پر پابندی لگے گی، گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان سے بات چیت کا دروازہ کبھی کھلا ہی نہیں تھا، وہ پاکستان کی سیاست میں کبھی تھے ہی نہیں، تحریک انصاف بہت تیزی سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ان کے خلاف بڑے فیصلے حالیہ ٹوئٹ اور بہنوں کے بیانات کے بعد ہوئے۔انہوں نے کہا کہ میں بہت جلد پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف بنتے دیکھ رہا ہوں، ان کا انجام الطاف حسین سے مختلف نہیں ہوگا، آج ایم کیو ایم لندن یا الطاف حسین کہاں ہیں۔