راولپنڈی (حافظ وسیم اختر،اسٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم عمران خان سے انکی بہنوں اور دیگر کسی رہنماکی ملاقات نہیں ہوسکی، علیمہ خان نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ فیکٹری ناکہ پر دھرنا دیدیا، علیمہ خان نے کہاکہ پولیس والے خود پریشان ہے، بانی پی ٹی آئی کوذہنی اذیت دی جارہی ہے ،علیمہ خان کاکہناتھاکہ گذشتہ ملاقات کے بعد ان کی بہن نے کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی ، ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جیل کے گرد خصوصی اقدامات کیے گئے جیل کے قریب دکانیں، تعلیمی ادارے اور پمپس بند اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا دن تھا، اس موقع پر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جیل کے اردگرد خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے، راولپنڈی پولیس کی جانب سے اڈیالہ جیل کیلئے خصوصی سیکورٹی پلان جاری کیا گیا تھا،جسکے مطابق 12سو پولیس ملازمین کو متعین کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی آپریشنزملک طارق محبوب نے جیل کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔