• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایبٹ آباد ، لیڈی ڈاکٹر کا بہیمانہ قتل، ڈاکٹروں کا صوبے بھر میں احتجاج جاری

پشاور (خصوصی نامہ نگار) شہید لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق کے بہیمانہ قتل کے خلاف صوبے بھر میں تیسرے روز بھی ڈاکٹروں کا احتجاج جاری رہا۔ پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور الیکٹیو سروسز کا مکمل بائیکاٹ بدستور برقرار ہے جبکہ ایمرجنسی سروسز جاری رکھی گئی ہیں۔پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، واقعے کی صاف اور شفاف تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے جس میں وکلاء اور ڈاکٹروں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے تاکہ تمام کرداروں کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔پی ڈی اے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہید لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق کے خاندان کو شہداء پیکیج دیا جائے اور ہسپتالوں میں عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہسپتال سیکورٹی ایکٹ 2020 کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق آج ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر زہسپتال ایبٹ آباد میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔
پشاور سے مزید