پشاور(کرائم رپورٹر)تھانہ حیات آباد کی حدود میں قتل ہونے والے جواں سالہ ٹک ٹاکر کے ٹک ٹاک پر 253ہزار سے زائد فالو اوور تھے جبکہ لاکھوں لوگ ان کی ویڈیوز دیکھتے تھے ، احمد اشتیاق کی ناگہانی موت نے ان کے مداحوں کوبھی افسردہ کردیا ہے جبکہ اس کا والدمشتاق بھی تین ماہ قبل ہی وفات پاگیا تھا ۔دوسری جانب 48گھنٹے گزرنے کے بعد بھی تاحال پولیس ملزمان کوگرفتار نہ کرسکی۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب حیات آباد میں نجی ہسپتال کے قریب احمد اشتیاق سکنہ گلبہار نمبر1 کو گاڑی کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھاجس پر اس کے بھائی شہر یاراحمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ،مقتول بیمار بیوی کو ہسپتال لیکر آیا تھا جس نے مانکی شریف نوشہرہ کی خاتون سے کورٹ میرج کی تھی ۔پولیس کاکہناہے کہ قتل کی دعویداری ملزم حمزہ خان پر ہے جو مقتول کا سالہ ہے اور وہ اس شادی سے ناخوش تھا۔20سالہ احمد اشتیاق پشاور کی نجی یونیورسٹی میں طالبعلم بھی تھا تاہم وہ ٹک ٹاک ویڈیوز کیلئے مشہور تھا ۔پولیس نے بتایاکہ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی جس میں دو نقاب پوش افرادموٹرسائیکل پر آکر فائرنگ کرتے ہیں اور فرار ہوجاتے ہیں تاہم ملزمان تاحال عدم گرفتار ہیں اورملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں۔ جواں سالہ بیٹے کی موت کی خبر سن کر والدہ کی بھی حالت غیرہوگئی تھی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ورثاءنے ملزمان کی فوری گرفتار ی کا مطالبہ کیا ہے ۔