کراچی (نصر اقبال / اسٹاف رپورٹر) قومی گیمز میں پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر 258 میڈلز حاصل کرلیے، جن میں 144 گولڈ، 72 سلور اور 42 برانز میڈلز شامل تھے، اور یوں جنرل ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔ آرمی کی جہاں آراء نبی نے آٹھ گولڈ میڈلز کے ساتھ بہترین سوئمر کا اعزاز حاصل کیا۔ سندھ کی پیراک حریم ملک نے بھی چار گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔تیر اندازی میں آرمی اور واپڈا نے دو، دو جبکہ نیوی نے ایک گولڈ میڈل حاصل کیا، آرچری مقابلوں میں آرمی کے تیر اندازوں راجا شیراز اعظم اور محمد آصف نے انفرادی طور پر نیا ریکارڈ قائم کیا جبکہ ٹیم ایونٹ میںآرمی نے 1838 اسکور کے ساتھ نیا قومی ریکارڈ بنایا۔ خواتین ٹیم ایونٹ میں واپڈا نے گولڈ اور سندھ نے برانز میڈل حاصل کیا۔ میڈلز ٹیبل پر واپڈا 61 گولڈ، 52 سلور اور 56 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے، جبکہ نیوی 28 گولڈ، 30 سلور اور 23 برانز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ آرمی نے ٹیبل ٹینس میں چاروں ٹائٹل جیت کر کلین سوئپ کیا، مردوں میں محمد احمد اور خواتین میں حور فواد نے انفرادی گولڈ میڈل جیتے۔ تائیکوانڈو ایونٹ میں بھی مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں مجموعی چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ خواتین فٹبال کا گولڈ بھی آرمی کے نام رہا، فائنل میں واپڈا کو 0-1 سے شکست دی، سندھ نے برانز میڈل جیتا۔ خواتین سوئمنگ میں آرمی نے 12 گولڈ میڈلز کے ساتھ جنرل ٹرافی جیتی۔ سندھ 4 گولڈ میڈل کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ اسکواش میں آرمی کی زینب خان اور واپڈا کے نور زمان کامیاب رہے۔ ریسلنگ ٹرافی واپڈا نے پانچ گولڈ میڈلز کے ساتھ جیتی ۔ روئنگ ایونٹ کے پہلے روز آرمی نے پانچ اور نیوی نے دو گولڈ میڈل جیتے۔ ایتھلیٹکس میں مینز جنرل ٹرافی آرمی اور ویمنز جنرل ٹرافی واپڈا کے نام رہی، واپڈا کی ماریہ نے 5000 میٹرز ویمنز میں گولڈ میڈل جیتا۔ تیر اندازی میں سندھ نے ایک سلور اور ایک برانز میڈل جیت کر تاریخ رقم کی جبکہ بلوچستان نے کراٹے میں گولڈ، تلوار بازی میں سلور، ریسلنگ، باڈی بلڈنگ، تائیکوانڈو اور کراٹے میں ایک، ایک برانز میڈل جیتے۔