کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس میں بس کے بریک فیل ہونے پر خاتون نے چلتی بس سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزری تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 5 سلطان مسجد کے قریب چلتی بس سے گر کر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 40 سالہ ؤسعیدہ کے نام سے ہوئی۔ متوفیہ اورنگی ٹاؤن کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفیہ ڈیفنس کے بنگلے میں کام کرتی تھی ۔واقعہ کے وقت وہ اپنے کام پر جا رہی تھی۔پولیس کے مطابق مسافر بس کے بریک فیل ہونے پر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوتا دیکھ کر خاتون نے گھبرا کر چلتی بس سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تاہم بس ڈرائیور نے بس فٹ پاتھ سے ٹکرا دی ،خوش قسمتی سے بس میں سوار دیگر مسافر محفوظ رہے۔حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔پولیس نے بس کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔