کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 35ویں قومی گیمز کے تحت چار روز تک جاری رہنے والے تیر اندازی کے مقابلے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے، جن میں پاکستان آرمی دو گولڈ میڈلز کے ساتھ نمایاں رہی۔ خواتین اور ٹیم ایونٹس میں آرمی کی مریم فاروق جبکہ مردوں کے مقابلوں میں پاکستان نیوی کے راشد مسعود نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ مختلف کیٹیگریز میں آرمی، نیوی، واپڈا، سندھ اور دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن، سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان حکومت سندھ منور علی مہیسر، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور آرمی اسپورٹس کے نمائندگان بھی موجود تھے، جنہوں نے انتظامات کو سراہتے ہوئے ڈاؤ یونیورسٹی کی معیاری میزبانی کی تعریف کی۔ 8 سے 11 دسمبر تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں پاکستان آرمی، نیوی، ایئر فورس، واپڈا، پولیس، ایچ ای سی اور صوبائی ٹیموں سمیت ملک بھر کی نمایاں ٹیموں نے حصہ لیا۔