کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی میں مضبوط مقامی حکومت کے قیام، کراچی اسٹریٹیجک ڈیولپمنٹ پلان 2020 پر عملدرآمد، ای چالان سسٹم کے نفاذ، شہر کی مخدوش بلدیاتی صورتحال، ٹریفک کے بے ہنگم نظام، ڈمپرز، لوڈرز اور ہیوی وہیکل کے نیچے شہریوں کے کچلے جانے، اسٹریٹ کرائمز بشمول گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چھن جانے، سالانہ 20 ہزار سے زائد موبائل فون چھینے جانے، چوری اور رہزنی کی 50 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہونے، جعلی ڈومیسائل کے اجرا اور کراچی کے نوجوانوں کو محدود کیے جانے والے ملازمت کے مواقع سمیت وسیع تر مسائل کے حل کے لیے ’’کراچی بچاؤ مہم‘‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کراچی قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ملک کا استحکام کراچی کے استحکام سے وابستہ ہے، ملک کو بچانا ہے تو پہلے کراچی کو بچانا ضروری ہے جو اب تباہی کے دھانے پر ہے اس لئے ایم کیو ایم کراچی بچانے کے لئے اس مہم کا آغاز کررہی ہے، اس سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے مختلف وفود کراچی کے بحران کے حوالے سے سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطوں اور مشاورت کا آغاز کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر اُس جماعت سے بات کرے گی جو کراچی کا درد رکھتی ہے اور ہر اُس سماجی تنظیم سے مشاورت کرے گی جو شہر کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی ہے۔