پشاور(ارشد عزیز ملک) وفاقی حکومت نے رضاکارانہ واپسی پروگرام کے تحت خیبر پختونخوا میں مہاجر کیمپوں کی بندش کے ایک اہم مرحلے میں تیزی لاتے ہوئے بجلی منقطع کرنے، پانی کے نظام کی حوالگی اور تمام تعلیمی و صحت کی سہولیات ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ضلع وار بنیادوں پر کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی اثاثہ یا سہولت حکومتی تحویل سے باہر نہ رہے۔تمام مہاجر کیمپوں سے رضاکارانہ واپسی کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ صوبائی حکومت کے تعاون سے مرحلہ وار کاروائی جاری ہے جس میں صوبائی حکومت مکمل تعاون کر رہی ہے ۔ قبل ازیں صوبائی حکومت نے بیک جنبش تمام کیمپ بند کرنے کی شدید مخالفت کی تھی۔ صوبے بھر میں مجموعی طور پر پانچ بنیادی صحت مراکز محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ تعلیمی شعبے میں مہاجر کیمپوں میں قائم 20 اسکولوں میں سے 7 اسکول محکمہ تعلیم کے حوالے کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی اسکولوں کی حوالگی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔