کراچی (ٹی وی رپورٹ) نائب صدر تحریک تحفظ آئین پاکستان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ سڑکوں پر آئیں۔ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ عملی طور پر مجھے پی ٹی آئی کا اسلام آباد کی طرف مارچ نظر نہیں آرہا ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے جبکہ میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ کچے کا علاقہ سندھ اور پنجاب پولیس کے لئے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق نائب صدر تحریک تحفظ آئین پاکستان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ تحریک انصاف بڑی جماعت ہے چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے ہیں۔ عمران خان نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ فیصلے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کی مشاورت سے کئے جائیں۔موجودہ حالات میں ہم کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھانا چاہتے سڑکوں پر نہیں آنا چاہتے ڈائیلاگ چاہتے ہیں اور تمام جمہوری راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہم احتجاج کرنے کا جمہوری حق بھی محفوظ رکھتے ہیں۔