اسلام آباد (اسرار خان) صنعتی شعبے میں نمایاں بہتری، اکتوبر میں پیداوار 8.3 فیصد بڑھ گئی، حکومت کا ونٹر ریلیف پیکیج اور شرح سود میں کمی: صنعتی ترقی اور اعتماد میں اضافے کی توقع۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بڑے پیمانے کی صنعت (ایل ایس ایم) کے شعبے میں اکتوبر کے دوران تیزی دیکھی گئی، جہاں پیداوار میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 8.33 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ستمبر کے مقابلے میں 3.75 فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی۔ یہ پیش رفت معیشت میں مضبوط ہوتی ہوئی بحالی کی نشاندہی کرتی ہے، جس کے نتیجے میں موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران مجموعی شرح نمو 5.02 فیصد تک پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ بہتری زیادہ تر خوراک، مشروبات، تمباکو، ملبوسات، آٹوموبائل، ٹیکسٹائل، کوک اور پیٹرولیم مصنوعات، برقی آلات اور غیر دھاتی معدنی مصنوعات کی پیداوار میں اضافے کے باعث ممکن ہوئی۔