جھنگ(نمائندہ جنگ)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کے صوبائی حکومتوں کو بلدیاتی نظام عوامی مفاد میں بنانا چاہئے، نئے صوبے بنانے سے قبل سوچنا ہو گا کہ ملک کی معروضی صورتحال صوبوں کی تقسیم کے لئے سازگار ہے؟، پی ٹی آئی خود ایک بڑی اپوزیشن ،بڑی اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ باقی اپوزیشن کو ایک صف پہ لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جھنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی خود ایک بڑی اپوزیشن ہے اور وہ اپنی حکمت عملی خود بناتی ہے ۔ سیاسی قرب ہمیشہ نظریات کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ سیاست میں کوئی کسی کی بیعت نہیں کرتا ہر پارٹی کے کارکن اپنے لیڈرز کے نظریات پر چلتے ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ پوری اپوزیشن کو جس طرح ایک صف پہ ہونا چاہئے تھا وہ کیفیت پیدا نہیں ہو رہی ۔ بڑی اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ باقی اپوزیشن کو ایک صف پہ لائے اور اس کے لئے ایجنڈے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پہلے ایجنڈے پہ اتفاق ہو پھر آل پارٹیز بلائی جائے یہ نہ ہو کہ متنازعہ ایجنڈے کی وجہ سے آل پارٹیز سبوتاژ ہو جائے ۔ ہم اپوزیشن کی کسی بھی کوشش کو سبو تاژ نہیں کرنا چاہتے اور چاہتے ہیں جو بھی ہو باہمی مشاورت سے ہو ۔