کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بھتہ خوری اور منظم جرائم کے خلاف ایک بار پھر جامع کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور یقین ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی اس لعنت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ آباد کے ارکان سمیت کاروباری برادری کے نمائندوں نے اب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بنیادی تشویش یہ سامنے آئی کہ جب ایک مجرم کا خاتمہ کیا جاتا ہے تو دوسرا سامنے آ جاتا ہےاس چیلنج سے نمٹنے کے لئے تسلسل کے ساتھ اور انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ نہ صرف ملک کے اندر سرگرم جرائم پیشہ عناصر بلکہ بیرونِ ملک موجود سہولت کاروں اور ہینڈلرز کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔