• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعات فیکلٹی کو انتظامی عہدوں پر رکھنے کا عمل ختم کریں، SHEC

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (SHEC) نے سندھ کی تمام سرکاری جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیکلٹی ممبران اور پی ایچ ڈی ہولڈرز کو غیر تدریسی انتظامی عہدوں پر اضافی چارج، او پی ایس (OPS) یا لوک آفٹر بنیادوں پر تعینات کرنے کا عمل فوری طور پر ختم کریں، وی سیز تمام اضافی چارج، او پی ایس اور لوک آفٹر انتظامات ختم کر کے رپورٹ ارسال کریں۔ یہ ہدایات سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے حالیہ عدالتی احکامات کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں۔ SHEC کی جانب سے جاری کردہ خط کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے آئینی درخواست نمبر 1757/2024 میں 9 دسمبر 2025 کو فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بھی فیکلٹی ممبر یا پی ایچ ڈی ہولڈر کسی بھی غیر تدریسی انتظامی عہدے پر، خواہ وہ اضافی چارج، لوک آفٹر یا او پی ایس کے تحت ہو، تعینات یا برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے بھی آئینی درخواست نمبر 7/2024 میں 24اکتوبر 2024کو جاری کردہ حکم میں تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی تھی کہ خالی انتظامی اسامیوں کو قانون کے مطابق مستقل بنیادوں پر پر کیا جائے اور عارضی انتظامات کو فوری طور پر ختم کیا جائے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وائس چانسلرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام اضافی چارج، او پی ایس اور لوک آفٹر انتظامات فوری طور پر ختم کر کے آٹھ ورکنگ دنوں کے اندر عمل درآمد رپورٹ کمیشن کو ارسال کریں۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ جامعہ کسی بھی قانونی نتائج کی خود ذمہ دار ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید