کراچی( محمد ثاقب اسٹاف رپورٹر )انسانی اسگلر اور ایجنٹ معصوم مسافروں کے بیوقوف بنا ئے جارہے ہیں،ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات اور وزٹ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی سمندر کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ مسافروں میں محمد اسد، ندیم، سفیان ارشد اور قیصر فاروق شامل ہیں۔مسافر محمد اسد اور ندیم فلائٹ نمبر FZ338 کے ذریعے وزٹ ویزے پر انڈونیشیا جا رہے تھے۔ مسافروں کا تعلق سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سے ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کراچی کے ایجنٹ کے ساتھ رابطے میں تھے۔ایجنٹ نے مسافروں کو غیر قانونی سمندر کے راستے اٹلی بھجوانا تھا۔مسافروں نے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے میں معاملات طے کئے۔ مسافروں نے غیر قانونی طور پر لیبیا کے سمندری راستے سے یورپ جانا تھا۔مسافر سفیان ارشد ورک ویزے پر فلائٹ نمبر FZ338کے ذریعے ترکی جا رہا تھا۔مسافر کے پاسپورٹ پر ترکی کا جعلی ورک ویزا لگا ہوا تھا۔مسافر نے 16لاکھ روپے کے عوض ایجنٹ سے مذکورہ ویزا حاصل کیا۔قیصر فاروق نامی مسافر فلائٹ نمبر FZ316کے ذریعے وزٹ ویزے پر ترکی جا رہا تھا۔سسٹم کے سفری ریکارڈ کے مطابق مسافر سال 2023 میں ایران گیا تھا جبکہ مسافر کا پاکستان واپس آمد کا کوئی سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا۔ مسافروں کو بعد ازاں مزید کاروائی اور ایجنٹ کی نشاندہی کے لیے کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔