کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر وسندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کیلئے اسکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز کر دیا۔ شہر کے تمام اضلاع میں پنک اسکوٹی کے لئے درخواست دینے والی ورکنگ وومینز کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورنگی، گلشنِ اقبال اور ملیر میں تربیت کا آغاز ہوچکا ہے،حیدرآباد میں اسکوٹی تربیت 18 دسمبر سے شروع ہوچکی ہے، جب کہ صوبے کے دیگر شہروں سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اورمیرپورخاص میں تربیت جلد شروع کی جائے گی، یہ تربیت، محفوظ رائیڈنگ کے لئے دی جارہی ہے، اسکیم کا مقصد خواتین کی محفوظ اور آسان نقل و حرکت کو فروغ دینا ہے،سینئر وزیر نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، خواتین کی خودمختاری صرف معاشی نہیں بلکہ سماجی آزادی سے بھی جڑی ہوئی ہے۔