کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے بھارتی غرور خاک میں ملاتے ہوئے روایتی حریف کو191رنز بڑے مارجن سے ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا اور تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایشیا کپ انڈر 19مینز ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا۔347 کے جواب ناکام ٹیم شرم ناک انداز میں صرف 156 پر ڈھیر ہوگئی۔ سمیر منہاس نے ٹورنامنٹ میں شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی بولنگ کے چھکے چھڑا دیئے۔ینگ اسٹارز کے ہاتھوں روایتی حریف کی زبردست پٹائی سے شاندار فتح پر قوم خوش ہوگئی، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی، وزیر داخلہ محسن نقوی و دیگر نے فتح پر نوجوان کھلاڑیوں، ٹیم منیجمنٹ کو مبارک باد دی ہے۔ پاکستان کی اننگز میں ملتان سے تعلق رکھنے والےسمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 113گیندوں پر 9چھکوں اور 17چوکوں کی مدد سے 172 رانز سکور کیے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری ہے انہوں نے ملائشیا کے خلاف 177 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی۔ سمیر نے ٹورنامنٹ میں471رنز بناکر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ایک بار پھر اپنی لیڈر شپ ثابت کرتے ہوئے انڈر19 ایشیا کپ فائنل میں بھارت کو شکست سے دوچا کردیا ہے۔ سمیر منہاس نے بائونڈریز کی مدد سب سے زیادہ رنز بنانے والے انڈر 19 پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں، انہوں نے 172 رنز کی اننگز میں 122 رنز بائونڈریز کی صورت میں تھے۔ اس سے قبل بائونڈریز کے ذریعے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ شامل حسین کے پاس تھا جنہوں نے 2023 میں سری لنکا انڈر 19 کیخلاف 150 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں 94 رنز بائونڈریز سے حاصل کیے تھے۔ شامل نے اس اننگ میں 13 چوکے اور سات چھکے لگائے تھے۔ اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان انڈر 19نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے دوسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور انڈیا مشترکہ فاتح رہے تھے، جب فائنل ٹائی ہوگیا تھا۔ آئی سی سی اکیڈمی میں بھارت انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر 19 کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 347 رنز بنائے۔ یہ ایشیا کپ فائنل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔