اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے لیکن دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ بلیک میلنگ نہیں چلے گی، ملک کو آگے چلنا چاہیے اور اس کیلئے حکومت ہر اقدام کیلئے تیار ہے مگر سیاسی بات چیت کی آڑ میں امن وامان کی کی صورتحال کوخراب کرنے کی کسی مذموم کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ وزیر اعظم نے یہ پیشکش اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی بات پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو اسمبلی کے فلو ر سے بھی مذاکرات کی دعوت دی تھی اگر وہ تیار ہیں حکومت بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔وزیراعظم نے کہا حکومت ملکی ترقی و خوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے پرامن مذاکرات کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ ذاتی طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو متعدد بار ڈائیلاگ کی پیشکش کی جاچکی ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکو سعودی عر ب کے سب سے بڑے اعزاز’’کنگ عبدالعزیز ایوارڈ ‘‘سے نوازے جانے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ صرف انکا نہیں یہ پوری قوم کیلئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے پوری قوم کو انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد بھی دی۔