کراچی، ویٹی کن سٹی (ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس انتہائی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا ، کراچی،لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں کرسمس تقریبات کا اہتمام کیا گیا، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا، ویٹی کن سٹی میں دعائیہ تقریب سے پوپ لیو نے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر میں جاری جنگوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے جمعرات کو کرسمس کا تہوارروایتی جوش و جذبے سے منایا۔ کراچی کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کااہتمام کیا گیا۔لاہور بھر میں بھی چرچز کو سجا دیا گیا، خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، اسلام آباد میں بھی مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے گرجا گھروں کا رخ کیا، حیدرآباد، سکھر، ملتان، سرگودھا، بہاولپور، مری، بنوں، پارا چنار، میرپور آزاد کشمیر میں بھی کرسمس تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔مسیحی برادری کرسمس شاپنگ اور عبادات میں مصروف رہی، سیکورٹی کے انتظامات سخت رہے۔