بیجنگ( نیوز ڈیسک)چین کے ایک گاؤں نے غیر صوبائی شادی، بغیر نکاح ساتھ رہنے اور غیر شادی شدہ حمل پر جرمانے عائد کر دیئے۔ فیصلے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید ہوئی اور اسے غیر منصفانہ و غیر قانونی قرار دیا جا رہا ہے۔ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق چین کے شہرلنکانگ کے ایک گاؤں میں شادی اور نجی زندگی سے متعلق سخت جرمانے عائد کیے جانے پر شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا ہے۔ گاؤں کی انتظامیہ نے ایک نوٹس جاری کیا جس میں غیر صوبائی شادی، بغیر نکاح ساتھ رہنے اور غیر شادی شدہ حمل پر بھاری جرمانوں کا اعلان کیا گیا۔نوٹس کے مطابق اگر کوئی شخص صوبے سے باہر شادی کرتا ہے تو اس پر60ہزار روپے( 1500 یوان )جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ بغیر شادی کے حاملہ ہونے پرایک لاکھ 20ہزار روپے(3000 یوان) جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح بغیر نکاح ساتھ رہنے والے جوڑوں کو ہر سال 500 یوان ادا کرنا ہوں گے۔مزید یہ کہ اگر شادی کے بعد 10 ماہ سے پہلے بچہ پیدا ہو جائے تو بھی 3000 یوان جرمانہ ہوگا۔