اسلام آباد (فاروق اقدس)بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کرک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی کاروائی کے دوران آٹھ دہشت گرد مارے گئے‘ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد‘ شر پسندوں کے متعددٹھکانے تباہ ‘ایک اہلکار بھی زخمی ہوگیا ۔آئی ایس پی آرکے مطابق 27 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرآپریشن کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘ کارروائی کے دوران چار بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ‘ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا۔