اسلام آباد( رانا غلام قادر ) وفاقی حکومت پانچ سالہ نجکاری پروگرام کےتحت فرسٹ وویمن بینک اور پی آئی اے کی نجکاری کے باوجود پہلے سال کے پہلے مرحلے میں دس اداروں کی نجکاری کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔وفاقی حکومت نے اگست دو ہزارچوبیس میں پانچ سالہ دو ہزارچوبیس تا انتیس کانجکاری پلان منظورکیا تھااو نجکاری کمیشن نےتقریباسواایک سال قبل چوبیس اداروں کی نجکاری فہرست جاری کی تھی ۔ حکومتی 5سالہ نجکاری پروگرام کے تحت24 اداروں کی نجکاری 3 مختلف مراحل میں ہونی ہے۔ پہلےمرحلےکے ایک سال میں10اداروں،دوسرے مرحلے میں ایک سے3سال میں 13اداروں اورتیسرے مرحلے میں3 سے5سال میں ایک ادارے کو نجکاری کے لیے منتخب کیا گیا۔نجکاری کمیشن کی فہرست کےمطابق پہلےمرحلےکےایک سال میں 10اداروں کو نجکاری کے لیے منتخب کیا گیا،قومی ائیر لائن پی آئی اےاورپی آئی اے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کونجکاری کےپہلے مرحلے کےلیےچنا گیا۔پروگرام کےتحت زرعی ترقیاتی بینک، فرسٹ وویمن بینک،ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان انجنئیرنگ کمپنی،سندھ انجنئیرنگ لمیٹڈ،3 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک کو نجکاری کےپہلےمرحلےکے لیےمنتخب کیا گیا۔موجودہ حکومت کو 5سالہ نجکاری پروگرام کے پہلے 16مہینوں کے دوران فرسٹ وویمن بینک اور پی آئی اے کی نجکاری کرنے میں کامیابی ملی ہے۔پروگرام کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کونجکاری عمل کے دوسرے مرحلےمیں شامل کیا گیا،دوسرے مرحلےمیں 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں لاہور،ملتان ،حیدر آباد،سکھر،پشاور اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کرنے کا پلان تیارکیا گیا ہے۔