اسلام آباد (راناغلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونی اورملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لئے تجاویزطلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے‘ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہئے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے‘تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کیا جائے‘ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائز یشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔وزیراعظم نے کوہاٹ میں تیل گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد دی اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت پٹرولیم ڈویژن کے امور پراہم اجلاس ہوا۔