اسلام آباد (صالح ظافر) سعودی عرب نے سینئر سفارتکار میجر جنرل (ریٹائرڈ) راجح البقمي کو پاکستان کے لیے نیا سفیر مقرر کردیا۔ سعودی دارالحکومت ریاض سے اعلیٰ سفارتی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ سعودی مملکت نے پاکستان کے لیے نئے سفیر کی تعیناتی کی باضابطہ منظوری مانگ لی ہے۔ انہوں نے لندن اور اردن کے دارالحکومت سمیت دیگر مقامات پر سعودی سفارتکار کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ میجر جنرل راجح البقمي وہ دوسرے سفیر ہوں گے جو کسی عرب ملک سے آئیں گے اور جن کا عسکری پس منظر ہوگا، اور انہیں اسلام آباد میں تعینات کیا جائے گا۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے ریٹائرڈ میجر جنرل سالم محمد سالم البواب الظابی کو پاکستان میں سفیر مقرر کیا تھا۔ انہوں نے پانچ ہفتے قبل 25 نومبر 2025 کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ پاکستان میں متعین موجودہ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو الجزائر کے لیے سعودی عرب کا سفیر نامزد کر دیا گیا ہے۔ وہ وہاں عبداللہ بن ناصر البصیری کی جگہ لیں گے، جنہوں نے اس شمالی افریقی ملک میں اپنی چار سالہ مدت مکمل کر لی ہے۔ الجزائر کے دارالحکومت میں ان کی کی تقرری کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔