اسلام آباد (ممتاز علوی)اپوزیشن اتحاد کا سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی کانفرنس میں شرکت سے انکار، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہوا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے اس کثیر الجماعتی کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت سے انکار کر دیا، جس کا اہتمام پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہونے پر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اہم رہنماؤں نے آپس میں مشاورت کی جس کے بعد باضابطہ طور پر اس دعوت کو مسترد کر دیا گیا۔ ٹیلی فون پر رابطہ کرنے پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ پارٹی کے ترجمان ہونے کے ناطے انہیں ہفتے کی شب فواد چوہدری کی جانب سے دعوت نامہ موصول ہوا، جس کے بعد انہوں نے سینئر رہنماؤں سے رابطہ کیا، اور سب نے متفقہ طور پر اس تقریب سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔