• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، ڈاکو راج تھم نہ سکا، نیو کراچی میں فائرنگ، نوجوان قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سال بدلا ،پولیس کمان بدلی،لیکن ڈاکو راج تھم نہ سکا، نیو کراچی میں مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا،تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانہ کی حدود نیو کراچی سیکٹر 5 ایل رضوان مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ ایدھی ایمبولینس کے ذریعے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں مقتول کی شناخت 18سالہ سعد جاوید کے نام سے کر لی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ بلال کالونی انور کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرپیش آیا۔ مقتول اپنے گھر کے قریب گلی میں کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان آ پہنچے اور نوجوان سے لوٹ مار کی کوشش کی۔ نوجوان سعد جاوید نے مزاحمت کرتے ہوئے قسطوں پر خریدا گیا موبائل فون بچانے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ نوجوان کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے زریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔ جہاں مقتول کے والد بتایا کہ مقتول سعد جاوید تین بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا ۔ واردات کے وقت گھر میں بڑے بیٹے کی منگنی کی تقریب تھی۔ سعد گھر سے باہر دوستوں کو کھانے کے لیے بلانے گیا تھا ۔ گھر سے باہر جاتے ہیں ملزمان آ پہنچے۔دو ڈاکوؤں نے سعد کو گولی کا نشانہ بنایا اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ میرا بیٹا میرے ساتھ نیو کراچی کی فیکٹری میں پیکنگ کمپنی میں کام کرتا تھا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے تاہم شواہد جمع کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
اہم خبریں سے مزید