کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراطلاعات عطا اللّٰہ تارڑنے کہا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے لوگ تانگے کی سواریاں ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہےکہ ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں کیلئے قرآن پاک میں واضح ہدایت موجود ہے اور ایسے اقدامات کرنے والوں کیخلاف ضروری کارروائی کی جائیگی ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے جامعہ اشرفیہ لاہور کا دورہ کیا اورمولانا فضل الرحیم کی وفات پراظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، احتجاج کرنے والوں سے نمٹنےکا تجربہ موجود ہے اور اگر ایسی صورتحال پیدا ہوئی تومناسب کارروائی کی جائیگی، مذاکرات جن کا کام ہے وہی کرینگے۔