کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان)کے وائس چیئرمین شوکت اللہ فاورقی نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پرسٹی کورٹ سے آئے وکلا کے ایک وفد سے ملاقات کی، انہوں نے سندھ حکومت کی کرپشن اوربدعنوانی کے سبب شہر کے تباہ حال انفرااسٹرکچر اور معاشی بدحالی پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی جو کبھی روشنیوں، صنعتوں اور روزگار کا شہر کہلاتا تھا، آج بدترین انفرااسٹرکچر بحران کا شکار ہے، ٹوٹی سڑکیں، ابلتے گٹر، نالوں کا گندا پانی، خستہ حال پل، اور بارش میں ڈوبتا ہوا شہر اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت کی کرپشن اور مسلسل نااہلی نے کراچی کو جان بوجھ کر تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے،انہوں نے کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں سے لے کر گلی محلوں تک سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز منظور کیے جاتے ہیں، مگر عملی طور پر نہ سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی پرانی سڑکوں کی مرمت ہوتی ہے،نتیجتاً شہری ٹریفک جام، حادثات اور گاڑیوں کو ہونے والے نقصانات کا مستقل شکار بن چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کا سیوریج اور نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، پانی کی قلت ایک اور سنگین مسئلہ بن چکا ہے، سرکاری لائنوں میں پانی نایاب جبکہ ٹینکر مافیا عروج پر ہے، جو مبینہ طور پر حکومتی سرپرستی میں شہریوں کو مہنگے داموں پانی فروخت کر رہی ہے یہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے مافیا کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے۔